کاروار:27؍جون(ایس اؤ نیوز)اُترکنڑا کی ڈگری کالج کے طلبا، سمیت تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ساتھ ساتھ کالج معاونین کو بھی 28جون سے کووڈ ٹیکہ لگانے کا فیصلہ لیاگیا ہے۔
ریاستی حکومت نے آئندہ مہینے سے ڈگری کالجوں کو کھولنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس سے قبل پیشگی طورپر طلبا ، اساتذہ ، آفس اسٹاف کو کووڈ ٹیکہ لگانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔انہی ہدایات پر عمل کرتےہوئے اترکنڑا ضلع میں 28جون سے مہم کے طورپر کووڈ کا ٹیکہ ترجیحات کی بنیاد پر لگایا جائے گا۔ متعلقہ مہم میں سبھی ڈگری، ڈپلوما، آئی ٹی آئی کالجوں میں زیر تعلیم 18سال سے زائد طلبا و طالبات ، اساتذہ ، آفس اسٹاف کو انہی کے کالج صحن میں کووڈ ٹیکہ کا انتظام کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن نے بتایا کہ اترکنڑا ضلع کے کل 94کالجوں میں 18سال سے زائد عمر کے 33965طلبا ہیں۔ 28جون کو منتخب 6کالجوں کے 4000طلبا کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ صحت محکمہ کا عملہ کسی کالج کو ٹیکہ لگوانے کےلئے پہنچے گاتو ان کے ساتھ ایک لیباریٹری کاماہر بھی ہوگا۔ اگر کسی میں کووڈ کے علامات نظر آتے ہیں تو وہیں ان کا ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔
28جون کو کاروار کی سرکاری ڈگری کالج ، دیویکر کالج۔ کمٹہ کی ڈاکٹر اے وی بالیگا ڈگری کالج ، سرسی کی ایم ای ایس کامرس کالج اور ایم ای ایس آر ٹس اینڈ سائنس کالج میں ٹیکہ لگانےکا انتظام کیا گیا ہے۔